نئی دہلی ، 26؍دسمبر (ایس او نیوز؍پریس ریلیز) پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم ا ے سلام نے کہا کہ ملک میں سیاسی مقدمات کے تعلق سے میڈیا کا خلاصہ مرکزی حکومت کے ذریعہ حزب اختلاف کی جماعتوں اور حکومت کے ناقدین کے خلاف تفتیشی ایجنسیوں کے بڑے پیمانے پر غلط استعمال کو بیان کرتا ہے۔
این ڈی ٹی وی کا یہ خلاصہ کہ مودی حکومت میں مرکزی ایجنسیوں نے 570 افراد اور تنظیموں کو نشانہ بنایا ہے، کوئی تعجب خیز بات نہیں ہے۔ اس سے تو محض اس الزام کا خلاصہ ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت اپنے ناقدین اور اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف این آئی اے، سی بی آئی اور ای ڈی جیسی تفتیشی ایجنسیوں کا بڑے پیمانے پر غلط استعمال کرتی رہی ہے۔ بی جے پی حکومت میں تقریباً تمام ہی چھوٹی بڑی پارٹیوں کو اس قدر نشانہ بنایا گیا ہے، جس کی ملک کی تاریخ میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ جب جب حکومت تنقیدوں کے گھیرے میں آئی ہے، ہر مرتبہ اس نے اصل مسئلے سے عوام کی توجہ بھٹکانے کے لئے اس طرح سے نشانہ بنانے کے عمل میں اضافہ کر دیا ہے۔
پاپولر فرنٹ کو بھی اس طرح سے نشانہ بنایا گیا ہے۔ ای ڈی اور این آئی اے ایسے ہی چند فرضی مقدمات کی تفتیش کے بہانے تنظیم کو ہراساں کرتی رہی ہیں۔ مخالفت کی آوازوں کو خاموش کرنے اور دبانے کے لئے پی ایم ایل اے، یو اے پی اے اور این آئی اے جیسے ظالمانہ قوانین اور ایجنسیوں کا سیاسی استعمال جمہوری عمل کو کمزور کر رہا ہے۔
لہٰذا پاپولر فرنٹ عدلیہ سے اپیل کرتی ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے حکومت سے اس پر وضاحت طلب کرے۔ اپوزیشن پارٹیوں اور شہری سماج کو بھی اپنی خاموشی توڑتے ہوئے آگے بڑھ کر آواز اٹھانی ہوگی، اس سے پہلے کہ سب کو ہمیشہ کے لئے خاموش کر دیا جائے۔